وڈودرہ،7جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستانی حکومت کی جانب سے ’’خیر سگالی کے اقدامات‘‘کے طور پر واہگہ سرحد کے راستے جاری کئے گئے 218 بھارتی ماہی گیروں کو آج گجرات ماہی محکمہ کے چھ رکنی ٹیم نے اپنے تحفظ میں لے لیا۔یہ معلومات ایک سرکاری افسر نے دی ہیں۔ آر پٹنی کی قیادت والا یہ گروپ رہا کیے گئے مچھواروں کو اپنے تحفظ میں لینے کے لئے اور انہیں گجرات لانے کے لئے پانچ جنوری سے ہی امرتسر میں تھا۔پٹنی نے امرتسر سے بتایاکہ ہم نے واہگہ سرحد پر آج صبح 218مچھواوں کو اپنے تحفظ میں لیا۔ان میں سے زیادہ تر مچھوارے گجرات کے جام نگر، جونا گڑھ، گر سومناتھ، ویراول، نوساری اور دمن اور دیو کے رہائشی ہیں۔کچھ ہی مچھوارے دیگر ریاستوں سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کا پہلا بیچ آج شام ٹرین سے وڈودراکیلئے روانہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے محکمہ سے ماہی گیروں کے لئے ضروری انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔